بانی پی ٹی آئی کب جیل سے باہر آئیں گے؟ لطیف کھوسہ کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

اسلام آباد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے بانی پی ٹی آئی کے جیل سے باہر آنے کے حوالے بڑا دعویٰ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بانی تحریک انصاف نومبر میں باہر آجائیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امریکی صدارتی الیکشن بھی بانی پی ٹی آئی کے باہر آنے کے معاملے پر اثر ڈالے گا، ڈونلڈ لو کے کہنے پر بانی پی ٹی آئی حکومت کو سازش سےسبکدوش کیا گیا تھا اور کوئی بعید نہیں ٹرمپ کے جیتنے کے بعد ساری صورتحال بدل جائے۔

انھوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی میں عدالتی ، سیاسی اور بیرونی تینوں عوامل ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کو عدالتوں سے ہی ریلیف ملے گا ، نوبت اس نہج پر نہیں آئے گی کہ کہا جائے بانی کو چلتا کیا تو امریکا معاف کر دے گا۔

27 ویں ترمیم کے حوالے سے رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت 27 ویں کی طرح جانے کا سوچ کر اپنے لیے گھڑا کھود رہی ہے، ریاست کے 3 ستونوں میں سے ایک کو انتظامیہ کے تابع کردیا گیا، 2 ستونوں پر تو ریاست نہیں چل سکتی۔

جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کے فیصلے پر ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کا حصہ اس لیے بن رہے ہیں کہ نظام کے اندر جا کر موقف بیان کریں، جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کا یہ مطلب نہیں کہ 26 ویں ترمیم کو مان رہے ہیں، حکومت کوکھلی چھوٹ دی تو راجہ ریاض کی طرح فرینڈلی اپوزیشن لیڈر بنا کر تباہی پھیر دے گی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین سے کھلواڑ کیا گیا ہے، آج کےالیکشن کانتیجہ واضح پیغام دے گا، بلاول بھٹو نے کہا 26 ویں ترمیم فائز عیسیٰ کی معاونت کے بغیر ممکن نہ تھی، اس معاملے پر گزشتہ سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن بھی ذمہ دار ہے۔

انھوں نے بتایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کرکےآئین وقانون کی دھجیاں اڑائی گئیں ، 56 کی 56 ترامیم منظور کرتے تو ملک میں آئینی مارشل لا ہوتا، 27 ویں ترمیم کا مقصد سویلینز کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل کیاجائے، ہم آئینی مارشل لانہیں لگنےدیں گے، 26 ویں ترمیم بھی ریورس کرائیں گے آئین و قانون بحال کریں گے۔