جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے

وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ کا کہنا ہے کہ جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے، جیل جائیں لیکن گھر واپس نہیں جائیں گے، ہم ان کا وہ حال کریں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلٰی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے صوابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آزاد کرنے کے لیے ہمارے آبا واجداد نے قربانیاں دی ہیں، عمران خان کی قیادت میں ہم قربانی دے کر آزادی لینی ہے اور خان کا ہر فیصلہ قبول ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارے قائد اور ہمارے لوگوں پر ظلم کیا گیا ہے، نومبر میں عمران خان کی کال آئے گی اور باہر نکلیں گے۔ جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک خان کو آزاد نہیں کریں گے گھروں کو واپس نہیں آئیں گے، جیل جائیں لیکن گھر واپس نہیں جائیں گے، ہم ان کا وہ حال کریں گے کہ یہ یاد رکھیں گے۔
وزیراعلی نے نے کہا کہ کچھ بھی ہو خان کی رہائی کے بغیر گھر واپس نہیں جائیں گے اور آزادی کے بغیر واپس نہیں جائیں گے، جس کے لیے سب تیار ہیں۔ جبکہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل عمران خان کے ساتھ اڈیالہ جیل میں دو گھنٹے ملاقات کا موقع ملا، عمران خان کا پیغام آپ لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہوں، آج نہ چادر محفوظ نہ گریباں، ہماری ماؤں بہنوں بیٹیوں پر ہاتھ اٹھ رہے ہیں، یہ جبر کفر کا نظام پی ٹی آئی کیلئے نہیں بلکہ اس نظام کے سامنے ہرپاکستانی کیڑا ہے، وہ سمجھ بیٹھے ہیں ہم خاموش رہیں گے اور اپنے گھروں میں بیٹھ جائیں گے۔
بانی نے کہا عوا م کو بتادو کہ تمہیں باہر نکلنا پڑے گا، اس ملک کے میدان اور سڑکیں تمہاری منتظر ہیں، سلمان اکرم نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون نہیں، عدالتوں کو محکوم کردیا گیا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کا مقصد کٹھ پتلی حکومت کی ایماء پرعدالتیں کام کریں گی ، وہاں چن چن کر ایسے ججز کو لگایا جائے کہ ان کے سر جھکے ہوئے ہوں اور دل مردہ ہوں۔آج 9 نومبر علامہ اقبال کی پیدائش کا دن ہے، عمران خان اکثر کہتے کہ انہوں نے علامہ اقبال کے افکار سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پیغام دیا کہ ہمارا احتجاج کسی ادارے کے خلاف نہیں، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آئین کا تحفظ اور جمہوریت کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم پروپیگنڈے کے تحت پاکستان کی قیادت اور ورکرز میں فاصلہ پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، اپنے دشمنوں کے چہرے پہچانو، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے عمران خان کو بغیر جرم کے جیل میں رکھا ہوا ہے، یہ لوگ عمران خان کے دشمن ہیں۔
آج بھی ہمارا قائد جعلی کیسز میں جیل میں بند ہے، جب تک ہم گھروں سے نہیں نکلیں گے عمران خان رہا نہیں ہوں گے۔بیرسٹرگوہرخان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جلد رہا ہوجائیں گے، عوام کے دل میں بانی پی ٹی آئی کا نظریہ ہے، بانی پی ٹی آئی کے بغیر ملک کی سیاست ادھوری ہے، پی ٹی آئی اگلے ہفتے 26ویں آئینی ترمیم کو چیلنج کرے گی،ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ترامیم کو ختم کردے گی،26ویں ترمیم کا مقصد ایک ہی تھا کہ عدلیہ میں مرضی کے ججز بٹھاؤ اور عدلیہ کو کنٹرول کرو۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی جیت کے بعد کچھ لوگ اپنے ٹویٹس ڈیلیٹ کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء اسد قیصر نے کہا کہ آئین قانون کے مطابق حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہمیں 26ویں آئینی ترمیم قبول نہیں ، حکومت نے ترمیم کرکے عدلیہ اور پارلیمنٹ کو مفلوج کردیا ہے، اگر ایک آزاد پاکستانی کی حیثیت سے زندگی گزارنی ہے تو قوم کو فاشسٹ حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہوگا۔صوابی میں آج عوام کا جرگہ ہورہا ہے، ہم اس حکومت کا مقابلہ کریں گے۔