جسٹس منصور علی شاہ کیخلاف قاضی فائز عیسٰی کا ایک اور فیصلہ ختم

30 اکتوبر2024ء) جسٹس منصور علی شاہ کیخلاف قاضی فائز عیسٰی کا ایک اور فیصلہ ختم، چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے جسٹس منصور علی شاہ کو سپریم کورٹ کی اہم کمیٹی کا سربراہ تعینات کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰی آفریدی نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے قاضی فائز عیسٰی کا ایک اور انتظامی فیصلہ تبدیل کر دیا ہے۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی جانب سے سپریم کورٹ کی تنازعات کے متبادل حل کیلئے قائم ٹاسک فورس سے جسٹس منصور علی شاہ کو نکال دیا گیا تھا۔ سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے اگست 2024 میں تنازعات کے متبادل حل کیلئے ٹاسک فورس کی از سر نو تشکیل کی تھی۔ لا اینڈ جسٹس کمیشن کے 22 جولائی کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ کی ٹاسک فورس کی رکنیت ختم کردی گئی تھی، اور جسٹس یحییٰ خان آفریدی کو کمیٹی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔

کمیٹی کے دیگر ممبران میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید شامل تھے۔ تاہم اب نئے چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تشکیل کردہ تنازعات کے حل کی متبادل کمیٹی تبدیل کردی ہے۔ اب چیف جسٹس یحیٰی آفریدی نے اس کمیٹی کی تشکیل نو کی ہے، جس کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کو اے ڈی آر کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاید وحید کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی کی تشکیل سے متعلق بھی قاضی فائز عیسٰی کا فیصلہ تبدیل کر دیا گیا تھا۔ چیف جسٹس نے کمیٹی میں جسٹس امین الدین کو شامل کرنے کا قاضی فائز عیسٰی کا فیصلہ تبدیل کر کے کمیٹی میں جسٹس منیب کو دوبارہ شامل کر لیا تھا۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی میں اب چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہیں۔