سموگ کے باعث لاہور میں ایک ہفتے کیلئے پرائمری سکول بند کرنے کا اعلان

03 نومبر 2024ء ) حکومتِ پنجاب نے لاہور میں سموگ کے باعث ایک ہفتے کے لیے پرائمری سکول بند کرنے کا اعلان کردیا، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سموگ کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پانچویں جماعت تک سکولوں کو ایک ہفتے کی چھٹیاں دے رہے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت سے ہوا پاکستان کی جانب آئی، جس سے لاہور میں سموگ میں اضافہ ہوا، بھارت میں فصلوں کی باقیات جلانے اور دھویں سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا، امرتسر و چندی گڑھ سے ہوا پاکستان آئی تو اس میں سموگ بہت تیز تھی، بھارت سے سموگ آئی اور ایک دم پھیل گئی اور بھارت کی طرف سے چلنے والی ہواؤں سے سب سے زیادہ لاہور متاثر ہوا، یہ معاملہ بھارت سے بات کیے بغیر حل نہیں ہو سکتا، بھارت سے بات کرکے ہی یہ معاملہ ٹھیک ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سموگ کورونا کی طرح ہے جو سرحدوں سے آرہی ہے، لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس ایک ہزار سے تجاوز کر گیا ہے، کل مختلف علاقوں میں اے کیو آئی 1900 تک ہوگیا تھا، بعد میں یہ اے کیو آئی کافی کم ہوا، سموگ کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب نے اقدامات کیے ہیں، 8 ماہ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے تمام محکموں کو بٹھا کر لائحہ عمل دیا، سموگ سے بچاؤ کے حکومتی پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، 550 سے زائد بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے، پلاسٹک بیگز پر پابندی لگائی گئی۔
پنجاب کی سینئر وزیر نے اپیل کی کہ عوام سموگ کی صورتحال میں احتیاطی تدبیر اختیار کریں، ہماری ٹیمیں فیلڈ میں ہیں، صورتحال کو دیکھ رہے ہیں، اسموگ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں، سموگ خلاف ورزی پر کوئی رعایت نہیں کی جائےگی، اس کے علاوہ اب تک ایک ہزار سپر سیڈز کسانوں میں بانٹے گئے ہیں، ای بائیکس منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔