31 اکتوبر 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں سموگ کے باعث تعلیمی اداروں میں ہفتے میں 3 چھٹیوں پرغور شروع کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر لاہور میں تعلیمی اداروں میں 3 روز یعنی جمعہ، ہفتہ، اتوار کو چھٹی دینے اور اوقات کار میں تبدیلی پر غور کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ ادارہ تحفظ ماحولیات کے نومبر کے پہلے ہفتے میں ہونے والے اجلاس میں سموگ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ آج لاہور میں اوسط ائیر کوالٹی کی شرح 208 ریکارڈ کی گئی، شملہ پہاڑی 170، ٹاؤن ہال 209، پنجاب یونیورسٹی 199، یو ایس قونصلیٹ 322، یو ایم ٹی 277 اور جیل روڈ پر 246 ریکارڈ کی گئی، فضائی آلودگی میں لاہور دنیا بھر میں دوسرے جب کہ ملک میں پہلے نمبر پر آگیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ادارہ ماحولیات پنجاب کی جانب سے لاہور کے مختلف علاقوں میں گرین لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے، ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی سموگ اور فضائی آلودگی کو کم رکھنے کیلئے پنجاب حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے، لاک ڈاؤن سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا، ڈیوس روڈ، ایجرٹن روڈ، ڈیورنڈ روڈ، کشمیر روڈ، ایبٹ روڈ پر شملہ پہاڑی سے گلستان سینما، ایمپریس روڈ شملہ پہاڑی سے ریلوے ہیڈ کوارٹر تک، کوئنز روڈ، علامہ اقبال روڈ کے اطراف میں گرین لاک ڈاؤن ہوگا۔
بتایا جارہا ہے کہ گرین لاک ڈاؤن کے دوران ان علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہوگی، ان علاقوں میں چنگ چی رکشوں کے چلنے پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے، گرین لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کمرشل جنریٹر چلانے پر مکمل پابندی ہوگی، بار بی کیو اور کھلے فوڈ پوائنٹس پر رات 8 بجے کے بعد مکمل پابندی ہو گی، گرین لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
علاوہ ازیں لاہور کو سموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے شہر کے اطراف میں درختوں کا گرین رِنگ بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، صوبائی دارالحکومت میں گرین ایریا مجموعی رقبے کے ایک فیصد سے بھی کم ہے جس کو بڑھایا جائے گا، لاہور گرین ماسٹر پلان کے تحت شہر کے گرد درختوں کی دیوار بنائی جائے گی جسے گرین رنگ کا نام دیا گیا ہے، گرین رنگ میں لگائے جانے والے درختوں کی جیوٹیگنگ بھی کی جائے گی، صنعتی علاقوں میں شجرکاری بڑھائی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے تعلیمی اداروں میں طلبا پر مشتمل گرین فورس بنانے کی بھی ہدایت کی ہے، سموگ کے تین ماہ کے دوران طلباء اور تعلیمی اداروں کو گرین پراجیکٹس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔