مسافر بردار ہوائی جہاز کو آج سڑک کے ذریعے کراچی سے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے موٹر وے پر بڑا طیارہ دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسافر بردار طیارے کو زمین کے راستے کراچی سے حیدرآباد منتقلی کا سفر شروع ہوگیا ہے اور یہ پاکستان کی تاریخ میں زمینی راستے کسی بڑے جہاز کو منتقل کرنے کا پہلا آپریشن ہے۔ طیارے کی منتقلی کیلیے خصوصی ٹرک اور ٹرالی استعمال کی جا رہی ہے۔
جس طیارے کو کراچی سے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔ وہ ایئربس 310 ہے جو اسکریپ جہاز ہے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس کو ٹینڈر کیا تھا۔
– Advertisement –
کراچی ایئرپورٹ سے اس کو کنٹینر کے ذریعے موٹر وے پر منتقل کیا۔ ٹول پلازہ پر بڑے مسافر طیارے کو زمین پر دیکھ کر وہاں سے گزرنے والے مسافر اور اطراف کے لوگ حیران رہ گئے اور سیلفیاں لینے کے لیے جمع ہوگئے۔
مذکورہ طیارہ کو ایس او پیز کے تحت کراچی سے حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے جس کے لیے موٹر وے پولیس کو پہلے ہی آگاہ کر دگیا گیا ہے کیونکہ یہ معمول کی ٹریفک سے انتہائی کم رفتار سے ٹرک اور ٹرالی کے ذریعے اپنا سفر طے کرے گا۔
اس طیارے کو حیدرآباد میں سول ایوی ایشن ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں رکھا جائے گا، جہاں اس کو تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی عرب میں بڑے مسافر طیاروں کو سڑک کے ذریعہ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا تھا اور یہ کارنامہ بھی پاکستان ٹرک ڈرائیور کی مدد سے انجام پایا تھا۔