پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی دوجماعتوں نے ملک پر جو ظلم کیا وہ کسی نے بھی نہیں کیا، نوازشریف سے بڑا ظالم ملک میں کوئی پیدا نہیں ہوا،سروسز چیف کی مدت بڑھادی گئی ہے تو اب اس کے ساتھ ہی آگے بڑھنا پڑے گا۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کچھ راز بتانا چاہتے ہیں تو پھر یہ بھی بتا سکتے ہیں کہ لندن پلان کیسے بنا تھا؟ میاں نوازشریف سے بڑا ظالم ملک میں پیدا نہیں ہوا، نوازشریف مظلوم نہیں بلکہ ہمیشہ سے ظالم تھے، نوازشریف کو 1981 میں جب لانچ کیا گیا تھا اس وقت سے دیکھیں، نوازشریف نے اپنے ہی وزیراعظم کو ہٹوایا تھا، اپنے مخالف کے خلاف سب سے بدترین مہم چلائی اور اسامہ بن لادن سے پیسے لئے، آئی جے آئی بنائی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی دوجماعتوں نے ملک پر جو ظلم کیاوہ کسی نے بھی نہیں کیا، ملک 70 سالوں سے گرداب میں پھنسا ہوا ہے لیکن اس غلطی سے سیکھ کر آگے نہیں بڑھا جاتا۔
سلمان اکرم راجا نے درست کہا کہ سروسز چیف کی مدت بڑھانے کی قانون سازی ہوگئی تو اب اس کے ساتھ ہی آگے بڑھیں گے، اس کے علاوہ اور کیا آپشن ہے؟ 26ویں آئینی ترمیم میں جو کچھ کیا گیا، مطلب حکومت کے ججز حکومت کے کیسز میں ان کے حق میں فیصلہ دیں گے، 1997میں عدلیہ پر فزیکل حملہ کیا اب آئینی دہشتگردی کی ہے۔ پروگرام میں پی ایم ایل این کے مرکزی رہنماء میاں جاوید لطیف نے کہاکہ کیا یہ کہنا درست ہے کہ ٹرمپ صدر بن گیا تو عمران خان رہا ہوجائے گا؟ کوئی بتائے گا کہ عدم اعتماد کے بعدپھر سائفرکیوں لہرایا گیا؟ پاکستان میں بیرونی مداخلت اوراداروں میں بیٹھی کچھ اشخاص کی خواہشات سے پردہ اٹھانے کا وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ سینوں میں دفن راز کی بات کرتے ہیں تو 1993سے کریں ، ہمارا تو مداوا ہوسکتا ہے لیکن ریاست کا کیسے مداوا ہوگا؟بھلے ہماری جماعت کوآج پھر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ مل گیا، لیکن قوم کو کیا ملا؟ 2014میں دھرنا ہوا، ہم نے پاورپلانٹ لگائے، سی پیک شروع کرکے دکھایا، معیشت بہتر کی، دہشتگردی کا خاتمہ کیا، روزگار بھی بہتر کرکے دکھایا گیا ، مہنگائی بھی کنٹرول کی گئی، اگر دھرنا نہ دیا جاتا تو اس سے بہت زیادہ اچھی کارکردگی ہوتی۔