وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر پاورڈویژن نے صارفین کو فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف دینے کے بجلی سہولت پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر پاور ڈویژن کے سہولت پیکج کے تحت اضافی استعمال پر بجلی پر 26 روپے7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائےگا۔ بجلی سہولت پیکج کا اطلاق گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین پر ہوگا، پیکج موسم سرما کے 3 ماہ یکم دسمبر 2024 سے 28 فروری 2025 کیلئے دیا جارہا ہے۔
گھریلو صارفین کو ٹیرف پر 11.42 سے 26 روپے، کمرشل صارفین کو 13روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے تک جبکہ صنعتی صارفین کو 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے تک فی یونٹ ریلیف ملے گا۔ دوسری جانب نیوزایجنسی کے مطابق نیپرا نے بتایا ہے کہ اب تک بجلی کمپنیوں کو 1 ارب 95 کروڑ، 45 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کئے جاچکے ہیں۔
نیپرا کی جانب سے جاری اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی اور شکایات پر اب تک بجلی کمپنیوں کو 1ارب 95 کروڑ 45 لاکھ روپے کے جرمانے کئے جاچکے ہیں۔
اعلامئے کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو مجموعی طور پر 1ارب 14 کروڑ 90 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا جبکہ بجلی کی ٹرانسمیشن کمپنیوں کو مجموعی طور پر 5 کروڑ 60 لاکھ روپے کا جرمانہ ہوا۔اعلامئے کے مطابق بجلی کی پیداواری کمپنیوں کو مجموعی طور پر 74 کروڑ 95 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ کےالیکٹرک کو 2015 سے اب تک 32 کروڑ 35لاکھ روپے کا جرمانہ کیا گیا، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر 5 کروڑ روپے جرمانہ کیا گیا۔
نیپرا کے مطابق 2022-23ء میں مہلک حادثات کے باعث کیسکو کو 1کروڑ 25 لاکھ روپے جرمانہ ہوا، ملتان الیکٹرک سپلائی کو 2020 سے 2023 تک 4 کروڑ 40 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ آئیسکو کو 2017 سے اب تک 10 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ کیا جا چکا ہے جبکہ فیسکو کو 2017 سے اب تک مجموعی طور پر 5 کروڑ 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوا۔ حیسکو کو 2017 سے لے کر اب تک 15 کروڑ 20 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا، لاہور الیکٹرک سپلائی کو رواں مالی سال 5 کروڑ 60 لاکھ روپے کا جرمانہ ہوا۔نیپرا کے مطابق این ٹی ڈی سی کو 2016 سے گزشتہ مالی سال تک 4کروڑ 60 لاکھ جرمانہ ہوا۔