انتہائی مطلوب ڈاکو شاہد لونڈ پولیس کی کاروائی میں ہلاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے کچے کے علاقے میں ڈاکووں کیخلاف کی گئی کاروائی میں بڑی کامیابی حاصل کر لینے کا دعوٰی کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والے کچے کے انتہائی مطلوب ڈاکو شاہد لونڈ کو پنجاب پولیس نے ہلاک کر دینے کا دعوٰی کیا ہے۔
پنجاب پولیس کی جانب سے اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رحیم یار خان اور راجن پور پولیس نے کچے میں خطرناک جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کیا، اس دوران اہم ترین کامیابی حاصل کرلی گئی۔ پنجاب پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لونڈ گینگ کے سرغنہ شاہد لُونڈ کو ہلاک کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ ہلاک کیے جانے والا ڈاکو شاہد لونڈ پنجاب پولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔
حکومت پنجاب نے ڈاکو شاہد لُونڈ کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ شاہد لونڈ پولیس اہلکاروں کی شہادت، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان، پولیس پر حملوں، قتل ،ڈکیتی جیسے 28 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب بین الاضلاعی اشتہاری تھا۔ شاہد لونڈ کیخلاف رحیم یار خان اور راجن پور کے تھانوں میں متعدد مقدمات درج تھے۔ پنجاب پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس اس حالیہ آپریشن کیلئے گزشتہ 2 ماہ سے تیاریاں اور منصوبہ بندی کر رہی تھی۔
باقاعدہ منصوبہ بندی کے بعد خطرناک ڈاکووں کیخلاف آپریشن کیا گیا۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کے ڈاکوؤں کے خلاف اہم ترین کامیابی پر رحیم یار خان اور راجن پور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچے کے علاقے سے دہشت گردوں، ڈاکوؤں، شر پسند عناصر کا خاتمہ ہمارا اولین مشن ہے۔