بلاول بھٹو نے موجودہ سیاسی حالات میں وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے موجودہ سیاسی حالات میں وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا ہے، بلاول بھٹو نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں انتظامی امور میں نظر انداز کرنے پر ملاقات سے انکار کیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے موجودہ حالات میں وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔
بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم سے مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری کمیٹی میں 2 وزرائے اعلیٰ اور 2 گورنرز شامل ہیں۔وفاقی حکومت اور وزیراعظم کمیٹی سے ملاقات کرکے خدشات دور کریں۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ میرا حکومت سے کوئی ذاتی مسئلہ نہیں ہے۔

میرے ووٹرز ہماری صوبائی حکومتوں کی ن لیگ سے شکایات ہیں۔

ن لیگ پنجاب، کے پی افسران اور انتظامی امور میں پیپلزپارٹی کو نظر انداز کررہی ہے، اتحاد میں طے ہوا تھا کہ کے پی اور پنجاب میں انتظامی معاملات میں پیپلزپارٹی حصہ دار ہوگی۔ ن لیگ دونوں صوبوں کے معاملات میں ہمارے گورنرز سے مشاورت نہیں کررہی۔ سندھ اور بلوچستان کیلئے پی ایس ڈی پی منصوبوں پر پیپلزپارٹی کو تحفظات ہیں۔ وفاقی حکومت ہمارے ووٹرز اور ورکرز کے مطالبات نظر انداز کررہی ہے جس پر حیرانی ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم کمیٹی سے ملاقات کرکے خدشات دور کریں۔ اس سے قبل معلوم ہوا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کے ساتھ معاملات طے کرنے کے لیے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت سے معاملات حل کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے، 9 رکنی کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، نوید قمر اور شیری رحمان شامل ہیں، کمیٹی میں وزیراعلیٰ سندھ اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو بھی شامل کیا گیا ہے، گورنر پنجاب سردار سلیم خان اور گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کنڈی بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں، کمیٹی وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے مسائل کو اجاگر کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ اگلے ماہ ہونے والے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں پیش کرے گی۔