بلدیاتی ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی سے واضح ہوگیا کہ پیپلزپارٹی کا چراغ بجھنے والا ہے

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی سے واضح ہوگیا کہ پیپلزپارٹی کا چراغ بجھنے والا ہے، عوام نے انہیں مسترد کردیا۔ ترجمان کے مطابق کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخاب میں بدترین دھاندلی پر امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ دھاندلی کی جس سطح پر پیپلز پارٹی اتر چکی ہے، یہ واضح ہوگیا ہے کہ اس کا چراغ بجھنے والا ہے، عوام مسترد کرتے ہیں اور یہ محض اسٹیبلشمنٹ کے سہارے نتیجے بدل کر جیت کا اعلان آراوز کے ذریعے کروا دیتے ہیں۔
کراچی کے عوام کا شکریہ جنھوں نے ایک مرتبہ پھر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو سلام جو اس وقت بھی عوام کے مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر ہیں، سوال ان قوتوں سے ہے جنہیں جماعت اسلامی کی امانت، حب الوطنی، وطن کے لیے قربانیاں، اچھی نہیں لگتیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ انہیں کچے اور پکے کے ڈاکو، کرپٹ مافیا، کرپشن اور قبضے کا سسٹم پسند ہے، اس سسٹم کو انھوں نے پورے ملک بالخصوص سندھ کے عوام پر مسلط کیا ہوا ہے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی اداروں کے ضمنی انتخابات میں کراچی سمیت سندھ بھر میں اپنی جماعت کی کامیابی پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارٹی پر عوام کے بھرپور اعتماد و حمایت کا مظہر اور جیالوں کی محنتوں کا ثمر قرار دیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام پارٹی امیدواروں کو مبارکباد دی اور ان کارکنان کو خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے دن رات محنت کرکے الیکشن کو فتح میں ڈھالا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ایک بار پھر تیر چل گیا، بینظیر بھٹو کے جیالے جیت گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے عیاں ہے کہ عوام نے ایک بار پھر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرکے بلاامتیاز عوامی خدمت کو چنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کا بڑے مارجن سے جیت کر سوئپ کرنا بھی تاریخی پیشرفت ہے۔