خیبر پختونخواہ حکومت نے قبائلی اضلاع میں سیاحتی سرگرمیوں کے انعقاد کا فیصلہ کرلیا، جس کا آغاز باجوڑ سے کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دو روزہ سیاحتی فیسٹیول 14 دسمبر سے شروع ہوگا، انعقاد خیبر پختونخواہ کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ، ضلعی انتظامیہ باجوڑ اور باجوڑ اسکاؤٹس کے باہمی اشتراک سے باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس خار میں کیا جائے گا، باجوڑ فیسٹیول میں سائیکل ریس، مارشل آرٹس مقابلے، کبڈی، سکول بچوں کے ٹیبلو شامل ہیں، اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے پلے لینڈ ایریا، مزاحیہ خاکے، مشاعرہ، روایتی اتنڑ ڈانس، محفل موسیقی اور کھانے پینے کے سٹالز سجائے جائیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ باجوڑ فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے ضم اضلاع میں کھیلوں سمیت صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد سیاحتی مقامات کو فروغ، نوجوانوں کی صحت مند سرگرمیوں میں شمولیت اور صوبے سے دنیا کو مثبت پیغام دینا ہے، خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ٹورازم ضم اضلاع ونگ اس سے قبل بھی صوبے کے ضم اضلاع میں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرچکا ہے، جس میں ڈسٹرکٹ خیبر، اورکزئی، وانا، ٹانگ اور وزیرستان سمیت دیگر علاقے شامل ہیں جہاں نا صرف کھیلوں کی سرگرمیوں کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا بلکہ ساتھ ہی سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔