دھند اور سموگ کے باعث ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

ھند اور سموگ کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ،دھند اور سموگ کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ایم ایم روڈ پر مسافر بس سڑک کنارے کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے، حادثہ تیز رفتاری اور سموگ کے باعث پیش آیا، مسافر بس اوچ شریف سے راولپنڈی جا رہی تھی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے نعشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
ٹھٹھہ میں قومی شاہراہ پر دھند کے باعث 6 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوگئے، نعشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ٹھٹھہ منتقل کر دیا گیا۔پنجاب میں دھند اور سموگ کے باعث موٹرویز کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند اور سموگ کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک ،لاہور سیالکوٹ موٹروے اور موٹروے ایم 3 کو لاہور سے درخانہ تک ،موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے سکھر تک بند رکھی گئی ۔حد نگاہ بہتر ہونے پر موٹر وے کو مرحلہ وار کھول دیا گیا ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کیلئے بند کیا جاتا ہے، روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں، صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔
روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، روڈ یوزرز غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔