رجیم چینج کرنے والے وڑ گئے

شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ رجیم چینج کرنے والے وڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت بسرا کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ شوکت بسرا کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹرمپ کی جیت پر کم بلکہ عمران خان کی حکومت گرانے والی بائیڈن ایڈمنسٹریشن کی ہار پر ذیادہ خوش ہیں۔
رجیم چینج کرنے والے وڑ گئے۔ دوسری جانب سابق صدر مملکت اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء ڈاکٹر عارف علوی نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھ دیا۔ خط میں عارف علوی کا کہنا ہے کہ آزادانہ و منصفانہ اور بغیر دھاندلی کے انتخابات نے امریکہ کے شہریوں کو اپنی خواہش اور امید کے اظہار کی اجازت دی ہے کہ وہ آپ کی قیادت کے ذریعے اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں۔
خط میں انہوں نے کہا ہے کہ اپنے ملک کے لوگوں کی طرف سے اور پاکستان کے 13ویں صدر کے طور پر میں آپ کو امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کی شاندار فتح پر مبارکباد دینا چاہتا ہوں، ہم جمہوری قوموں کے طور پر مسلسل تعاون کے منتظر ہیں، درحقیقت آپ کی جیت نے دنیا کے آمروں اور خواہشمند آمروں کی ریڑھ کی ہڈی کو ہلا کر رکھ دیا ہوگا۔ پی ٹی آئی رہنماء نے خط میں مزید کہا کہ آپ پاکستان کے اچھے دوست رہے ہیں، دنیا یوکرین اور فلسطین میں جنگ سے پریشان ہے اور اس کے اثرات سے پاکستان اور میرے لوگوں کو نقصان پہنچا ہے، عمران خان کی طرف سے میں عالمی امن کے لیے اپنی بہترین کوششوں کو جاری رکھنے کے لیے آپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
بتایا جارہا ہے کہ امریکی صدارتی الیکشن میں ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ ملک کے 47ویں صدر منتخب ہو چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکہ کے صدر بنے ہیں، نو منتخب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم پھر امریکہ کو عظیم بنائیں گے، میری کامیابی امریکی عوام کی فتح ہے، ہر امریکی شہری کے حقوق کے لیے لڑوں گا، یہ ملکی تاریخ کی عظیم ترین سیاسی تحریک تھی، میرے حامیوں نے بہترین انتخابی مہم چلائی، ہم نے سینیٹ کے لئیے شاندار مہم چلائی، ہم نے سینیٹ کا کنٹرول واپس حاصل کیا، یہ امریکا کی سیاسی کامیابی ہے، جن لوگوں نے میرا ساتھ دیا، میں ان کا بھرپور شکریہ ادا کرتا ہوں، ایک بار پھر اعتماد کرنے پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔