سیالکوٹ کے علاقہ موترہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں بہو کے لرزہ خیز قتل کے افسوسناک واقعہ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی اور چیئر پرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کہناہے کہ ایسے واقعات میں ملوث افراد کو نہ صرف قانون کی سخت گرفت میں لانے بلکہ ہمیں معاشرتی رویوں کو بھی تبدیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے نے ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اور تشدد کے رجحان کو بے نقاب کر دیا ہے، زارا کے ساتھ ہونے والا ظلم صرف ایک جرم نہیں بلکہ ہماری سماجی بے حسی اور جذباتی عدم برداشت کو ظاہر کرتا ہے، جہاں معمولی تنازعات بھی جان لینے جیسے سنگین اقدامات تک جا پہنچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ المیہ ہمیں مجبور کرتا ہے کہ ہم اپنے رویوں کا جائزہ لیں اور اپنی آئندہ نسل کو عدم برداشت کی جگہ برداشت اور انسانیت کا درس دیں۔
حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ اس گھنائونے جرم میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی، قانون کی بالادستی سے ہی جرائم میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ واضح رہے کہ سیالکوٹ کے علاقے موترہ میں سسرالیوں کے ہاتھوں بہو کے لرزہ خیز قتل میں ملوث تینوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق چند دن قبل پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک زارا نامی خاتون اپنے سسرال سے لاپتہ ہو گئی ہے۔ ڈی ایس پی ڈسکہ اور ایس ایچ او موترہ کی قیادت میں پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار اور خاتون کی لاش کے ٹکڑے نالے سے برآمد کر لیے۔ تمام ملزمان، جن میں ساس، نند اور نند کا بیٹا شامل ہیں، نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔