عمران خان کے خلاف مقدمہ سول یا ملٹری کورٹ میں چلنے کا فیصلہ جلد ہوجائے گا

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ سول یا ملٹری کورٹ میں چلنے کا فیصلہ جلد ہوجائے گا، جب نورا جوڈیشری ہوگی تو پھر کیا 9مئی واقعات کی سزا مل سکتی ہے؟ جب ٹرکاں والا اور اعجاز الاحسن جیسے ججز ہوں گے تو سزاکیسے ہوسکتی ہے؟اب نیا عدالتی سیٹ اپ آیا ہے، جس کو لوگوں نے قبول بھی کرلیا ہے۔
انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا مین فوکس کے پی ، بلوچستان اور کراچی میں دہشتگردی کی لہر سے متعلق تھا، صوبوں میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹیز بنائی گئی ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے اجلاس میں اپنے صوبے میں دہشتگردی سے متعلق بات کی، ہلکی پھلکی بات کی کہ پی ٹی آئی کو جلسے جلوس کی اجازت نہیں دی جارہی، پھر کہا کہ میرا لیڈرسواسال سے قید ہے، اس کا کوئی گناہ اور جرم نہیں ہے،میرا خیال ہے کہ گنڈاپور نے بانی اور پی ٹی آئی سے متعلق باتیں تبرک کے طور پر کیں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کی پوری تاریخ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات پر محیط ہے، عمران خان نے سیاست بھی اسٹیبلشمنٹ کے سر پر شروع کی، مشرف کے دور میں متحرک سیاست شروع کی۔1997میں پی ٹی آئی نے 26سیٹوں پر پہلا الیکشن لڑا ، وہ ممبر اسمبلی نہیں بن سکے، جبکہ 2002کے الیکشن میں ممبر اسمبلی بنے۔پرویز مشرف کی سیاست اور ریفرنڈم کی بھرپور حمایت کی۔ اس کے بعد جنرل پاشا اور ظہیرالسلام کے ہاتھوں میں چلے گئے، پھر جنرل باجوہ اور فیض کے ہتھے چڑھ گئے وہ اس کے ہتھے چڑھ گئے۔
بقول پرویز مشرف پی ٹی آئی نے ان سے 100 نشستیں مانگی تھیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 24نومبر سے پہلے معاملات طے پانے کی کوئی پیشگوئی نہیں کرسکتا۔ اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کے درمیان معاملات حل کیلئے بانی کو 9مئی کا پُل کراس کرنا ہوگا،مجھے بالکل علم نہیں کہ 25 نومبر کو عمران خان پر کوئی فرد جرم عائد ہورہی ہے، اگر پی ٹی آئی 9مئی کو سازش کہتی رہی تو پھر حالات نہیں سُدھریں گے،ان کے بہت سارے لوگ جو فوٹیجز میں نظر آتے ہیں وہ کس طرح انکاری ہوسکتے ہیں؟ عدالتوں سے سزا نوازشریف، شہبازشریف، مریم نواز، مجھے باقی لوگوں کو ملی تھی، ان کو 9مئی واقعات کی سزا اس لئے نہیں ملی کہ جب نورا جوڈیشری ہوگی تو پھر کیا سزا مل سکتی ہے؟جب ٹرکاں والا اور اعجاز الاحسن جیسے سپریم کورٹ کے ججز ہوں گے تو کیسے سزا ہوسکتی ہے؟عمران خان کے خلاف مقدمہ سول یا ملٹری کورٹ میں چلنے کا فیصلہ جلد ہوجائے گا، قاضی فائز عیسیٰ کے وقت باقی جوڈیشری لوڈڈ تھی،اب نیا عدالتی سیٹ اپ آیا ہے، لوگوں قبول بھی کرلیا ہے۔