مصنوعی بارش کے باعث لاہور کی فضائی آلودگی کم ہونے کا دعوٰی غلط نکلا، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ 2 روز کے دوران فضائی آلودگی میں ہونے والی واضح کمی کی وجہ سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں گزشتہ 2 روز کے دوران فضائی آلودگی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، اس حوالے سے دعوٰی کیا جا رہا تھا کہ صوبائی حکومت نے مصنوعی بارش کا تجربہ کیا اسی باعث فضاءی آلودگی میں کمی ہوئی۔
تاہم ماہرین موسمیات نے اس دعوے کو رد کرتے ہوئے فضائی آلودگی میں کمی کی اصل وجہ بتا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہواؤں کا رخ تبدیل ہونے سے پنجاب میں سموگ کی شدت میں قدرے کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے اختتامی ایام میں بارشوں کے سلسلے نے ملک کے شمالی علاقوں کو متاثر کیا۔
بارشوں کے اس سلسلے کے باعث شمالی علاقوں کی ہواوں نے پنجاب کا رخ کیا، ان ہواوں کی وجہ سے ہی پنجاب کی فضائی آلودگی میں کمی ہوئی۔
ماہرین موسمیات نے آئندہ دنوں میں سموگ کی شدت میں مزید کمی کی پیشگوئی کی ہے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے سموگ کے پیش نظر کمرشل مارکیٹوں پر پابندی میں توسیع کردی، محکمہ تحفظ ماحولیات نے پابندی میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ لاہور اور ملتان میں تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں، کالجز اور سکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے، تمام تر آؤٹ ڈور سرگرمیاں جن میں کھیل، نمائش اور فیسٹیولز پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی تاہم نماز جنازہ پر کسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان اور لاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پر مکمل بین 24 نومبر تک ہوگا ، فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہو گی، ضلع لاہور میں فائر ورکس پر 31 جنوری تک پابندی ہوگی۔سرکلر کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں نجی اور سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد عملہ کم کرنے کی پابندی میں 31 جنوری تک توسیع کردی گئی، ملتان اور لاہور میں آوٹ ڈور ڈائننگ میں شام چار بجے کے بعد پابندی ہو گی، تمام ریسٹورنٹس کو رات 8 بجے تک ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملتان اور لاہور میں ہیوی وہیکلز کے داخلے پر بھی 24 نومبر تک پابندی ہوگی ، تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند کرنا ہوں گے، پنجاب کے دیگر سولہ اضلاع میں تعلیمی اداروں اور پارکوں میں عوام کے داخلے پر 24 نومبر تک پابندی ہوگی جبکہ ضلع مری تمام تر پابندیوں سے مستثنیٰ ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ہے سموگ کے پیش نظر ہائرسیکنڈری تک تعلیمی ادارے 24 نومبر تک بند رہیں گے یا آن لائن کلاسز ہوں گی، پارکس، چڑیا گھر، تاریخی مقامات ، پلے لینڈز اور عجائب گھر چوبیس نومبر تک بند رہیں گے۔