میانوالی میں تھانے پر خارجیوں کا حملہ ناکام، 4 دہشتگرد مارے گئے

پنجاب پولیس کے جوانوں نے تھانہ چاپری میانوالی پر خوارجی دہشتگردوں کا اچانک حملہ ناکام بنا دیا ،پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4دہشتگرد ہلاک ہو گئے جبکہ دو اہلکار معمولی زخمی ہوئے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خیبر پختواخواہ سے متصل پنجاب کی بین الصوبائی سرحد پر عیسی خیل سرکل کے تھانہ چاپری پر 20 سے زائد خوارجی دہشتگردوں نے بھاری اسلحہ کے ساتھ تھانہ پر اچانک حملہ کیا۔

پولیس اور خوارجی دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران دہشتگردوں نے تھانہ کی عمارت پر راکٹ لانچرز برسائے اورہینڈ گرنیڈز بھی پھینکے تاہم جس میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے 4خوارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر میانوالی پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب پولیس ہمہ وقت الرٹ ہے، دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر دم لیں گے، پنجاب پولیس امن دشمن عناصر کا اسی طرح جواں مردی سے مقابلہ کرتی رہے گی۔