وزیراعظم انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کیلئے سعودیہ روانہ، ولی عہد سے ملاقات کا امکان

29 اکتوبر 2024ء ) وزیراعظم شہبازشریف انوسٹمنٹ فورم میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے جہاں ان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے، وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر پٹرولیم بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں، دورے میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک شراکت داری پر بات چیت ہوگی، اقتصادی، توانائی اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ شہباز شریف ریاض انویسٹمنٹ فورم 2024 میں شرکت کریں گے، وزیر اعظم ریاض میں منعقد ہونے والے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن میں شرکت کر رہے ہیں، فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو ممالک کے لیے معاشی طاقت کو ظاہر کرنے، غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ایک پائیدار مستقبل کی تشکیل کے لیے مکالمے میں مشغول ہونے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان اور دیگر اعلیٰ سعودی حکام کے ساتھ اہم دو طرفہ بات چیت بھی متوقع ہے، فریقین پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور تزویراتی شراکت داری پر تبادلہ خیال کریں گے اور اقتصادی، توانائی و دفاعی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر غور کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹوکے 8 ویں ایڈیشن کانفرنس میں شرکت کرنے والے رہنماؤں اور کاروباری افراد کے ساتھ بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ شہبازشریف دورہ سعودی عرب کے بعد جمعرات 31 اکتوبر کو قطر جائیں گے جہاں پاک قطر تعلقات پر بات ہوگی، وزیراعظم کوپ 29 میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، انہیں اس دورے کی دعوت قطر کے امیر تمیم بن حماد الثانی نے دی ہے، شہبازشریف امیر قطر اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات ہوگی، وزیراعظم دوحہ میں پاکستانی نوادرات، فنون اور ثقافت کے حوالے سے نمائش کا بھی افتتاح کریں گے۔