وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈپلومیٹک انکلیو میں “کیس کیڈ” پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا۔ ہفتہ کو وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سفارتکاروں اور غیر ملکی شہریوں کے لئے جدید سہولتوں سے آراستہ خدمت مرکز کے قیام کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے پولیس خدمت مرکز کے قیام کے لئے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دور حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیس کیڈ خدمت مرکز کا قیام لائق تحسین ہے، خدمت مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس ویریفکیشن، گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، فارنرز رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹیئرز رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویریفکیشن اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ تھے۔