صدر پی ایل ایم این ، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں خلل نہ ڈالا جاتا تو ملک ایشئن ٹائیگر بن چکا ہوتا،ذاتی مفادات کیلئے پاکستان کو نقصان پہنچایا گیا، ملکی ترقی کا پہیہ دوبارہ چل پڑا ہے، دعا ہے کہ ترقی میں اب کوئی خلل نہ آئے،پی ٹی آئی کے نصیب میں گاڑیوں کے پیچھے بھاگنا اور نعرے لگانا رہ گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر پی ایل ایم این ، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے لندن میں پارٹی کنونشن سے خطاب کیا، اس موقع پروزیردفاع خواجہ آصف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی شریک تھے۔ صدر ن لیگ محمد نواز شریف نے کہا کہ ن لیگ کے کارکنوں کی خدمات قابل تعریف ہیں، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے، پاکستان کا گروتھ ریٹ پہلے سے بہتر ہوا ہے، پاکستان کے حالات ماضی کے مقابلے میں بہتر ہورہے ہیں، ن لیگ کی حکومت میں ہمیشہ پاکستان نے ترقی کی۔
پاکستان انشاء اللہ دوبارہ ایشئن ٹائیگر بنے گا۔ پاکستان کی ترقی میں خلل نہ ڈالا جاتا تو پاکستان ایشئن ٹائیگر بن چکا ہوتا۔ پاکستان کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے نقصان پہنچایا گیا ،ترقی کرتے پاکستان میں وزیراعظم کو اٹھا کر گھر بھیج دیا گیا، مجھے پارٹی کی صدارت سے بھی ہٹا دیا گیا تھا، مجھے تاحیات نااہل کردیا گیا تھا۔ یہ فیصلے ملک کیلئے نہیں ذات کیلئے کئے گئے۔
اپنے گریباں میں جھانکیں ملکی تباہی کے ذمہ دار آپ ہیں، اپنے چھوٹے اور ذاتی مفادات کیلئے پاکستان کو داؤ پر لگایا گیا۔ اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان اب گرداب سے نکلتا نظر آرہا ہے، ترقی کا پہیہ دوبارہ چل پڑا ہے، دعا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اب کوئی خلل نہ آئے۔ ہمارے دور کی ترقی کا تسلسل رہتا تو آج کوئی بے روزگار نہ ہوتااور ملک میں دہشتگردی بھی نہ ہوتی ، ہم نے پاکستان کے دفاع سمیت ہر شعبے میں مثالی کارکردگی دکھائی۔
پرسوں خواجہ آصف کے ساتھ نارواسلوک کیا گیاخواجہ آصف دلیر اور ڈٹ جانے والے شخص ہیں، خواجہ آصف دلیری کے ساتھ پاکستان کی لڑائی لڑ رہے ہیں ان کے نصیب میں یہی ہے کہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگیں اور نعرے لگائیں۔ آپ کی پارٹی کو پاور میں لایا گیا لیکن آپ نے کیا کارکردگی دکھائی ؟بلین ٹری سونامی ، 50لاکھ گھر کہاں ہیں؟