کوئٹہ ریلوے سٹیشن دھماکہ؛ بلوچستان سے پشاور اور کراچی جانے والی 2 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے سٹیشن پر دھماکے کے بعد صوبے سے پشاور اور کراچی جانے والی 2 ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر دھماکے کے بعد کوئٹہ سے پشاور کے لیے چلنے والی جعفر ایکسپریس اور کراچی کے لیے چلنے والی بولان میل کو 4 روز کے لیے بند کرنے فیصلہ کیا گیا ہے، جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو 11 نومبر سے 4 روز کے لیے بند کیے جانے کا امکان ہے، فیصلہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
ادھر کوئٹہ ریلوے سٹیشن خودکش دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا، سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ ریلوے پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
واضح رہے گزشتہ روز کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے، جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکہ ہو گیا، دھماکہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا، دھماکے میں آٹھ سے دس کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا، بیگ اٹھائے خودکش حملہ آور نے جعفر ایکسپریس کا انتظار کرتے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔