بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد حسیب کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ قوم فتنہ الخوارج اور سہولتکاروں کیخلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد حسیب شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر ، وفاقی وزراء ، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران ، جوانوں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ جوانوں کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف ملکی دفاع کیلئے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔
قوم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولتکاروں کیخلاف افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
واضح رہے سکیورٹی فورسز نے ہرنائی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز نے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دیسی ساختہ بم سے حملہ بھی کیا گیا، بم حملے میں میجر محمد حسیب اور حوالدارنور احمد نے جام شہادت نوش کیا۔