پنجگور، مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق ایک زخمی

29اکتوبر 2024) بلوچستان کے ضلع پنجگور میں رات گئے مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا،نامعلوم مسلح افراد نے کمپنی مشینری کو آگ لگانے کے بعد فائرنگ بھی کی،پنجگور کی تحصیل پروم میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ سے ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے ، جاں بحق افراد کی لاشیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق اور زخمی افراد تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں سیکورٹی پر معمور تھے۔ مسلح افراد نے کمپنی کی مشینری کو نذرآتش کردیا۔نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ضلعی انتظامی حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی شخص کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جاں بحق اور زخمی افراد تعمیراتی کمپنی کے کیمپ میں سیکورٹی پرمامور تھے۔

لیویز کے مطابق واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔دریں اثناءڈیرہ مراد جمالی کی تحصیل نصیر آباد کے پولیس تھانہ فلیجی کی حدود گوٹھ بانڑی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے خاتون سمیت 2 افراد کو قتل کردیا۔واقعے کی وجہ سیاہ کاری بتائی گئی ہے جبکہ لاشیں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردی گئی۔
ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔پولیس نے دوہرے قتلِ کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔یاد رہے کہ چند روزقبل جنوبی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 3 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے مادی جون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں حافظ الرحمان، نمبر خان اور فیضان اللہ شامل تھے۔
فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بتایا گیاتھا۔قبل ازیں نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار دو افراد قتل کر دیئے تھے۔دوہرے قتل کا افسوسناک واقعہ تھانہ روڑالہ روڈ کے علاقے 382 گ ب میں پیش آیا تھا۔ مقتولین کی شناخت امانت علی اور امانت صادق کے نام سے ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا تھا کہ دوہرے قتل کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، پولیس نے لاشیں قبضہ میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیں تھیں۔