29 اکتوبر 2024ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے منگل کو وائٹ بال فارمیٹ کی نئی مقرر کردہ قیادت کی جوڑی محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے ملاقات کی۔
محسن نقوی نے میٹنگ کا آغاز کپتان اور نائب کپتان کو اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کیا کیونکہ وہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف آئندہ سیریز کی تیاری کر رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ’’وائٹ بال ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو آسٹریلیا اور زمبابوے سیریز کے دوران ٹیم سے شاندار کارکردگی کی توقع ہے، ہمارے کھلاڑی باصلاحیت اور پیشہ ور ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے‘۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ٹیسٹ سیریز میں جیت کے بعد لوگوں اور بورڈ کو ٹیم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں۔
ٹیم ورک پر زور دیتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ “ایک متحد ٹیم کے طور پر کھیلنا اور آخری گیند تک لڑنا کامیابی کی کنجی ہیں۔ اگر ٹیم ایک یونٹ کے طور پر کارکردگی دکھائے تو کوئی آپ کو شکست نہیں دے سکتا۔”
اس حوالے سے نئے تعینات ہونے والے کپتان رضوان اور نائب کپتان آغا نے اعتماد کرنے پر چیئرمین کا شکریہ ادا کیا۔
رضوان نے کہا کہ ہم آسٹریلیا اور زمبابوے کے دوروں میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم قوم کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اجلاس میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر بھی موجود تھے۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ پاکستانی اسکواڈ کے سات کھلاڑی منگل کو وائٹ بال سیریز کے لیے بیگی گرینز کا مقابلہ کرنے آسٹریلیا پہنچ گئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی جانب سے شاہین آفریدی، نسیم شاہ، بابر اعظم، حارث رؤف اور اسکواڈ کے تین دیگر ارکان میلبورن پہنچ گئے۔
تاہم پاکستانی سکواڈ کے دیگر ارکان جن میں کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، عامر جمال، عبداللہ شفیق، عرفات منہاس، حسیب اللہ اور کامران غلام شامل ہیں، ٹیم انتظامیہ کے ہمراہ آج رات کراچی سے آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوں گے۔
مین ان گرین آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے ہیں، پہلا ون ڈے 4 نومبر سے شروع ہوگا۔