وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف سے برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے ملاقات کی، اس دوران بزنس ٹو بزنس تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئےنئی راہیں تلاش کرنے پر غور کیا گیا، لاہور میں ہونے والی ملاقات میں برطانوی وفد کی قیادت زبیر عیسیٰ نے کی، شہبازشریف نے وفد کو پاکستان کی سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی جب کہ برطانوی کاروباری شخصیات نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف اور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری و تاجربرادری کو ایس آئی ایف سی کے ذریعے بہترین سہولتیں دی جا رہی ہیں، حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی، معیشت میں بہتری کے ساتھ سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ہفتے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب جائیں گے، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غور کے لئے سعودی عرب کانفرنس کی میزبانی کرے گا جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف 10 نومبر کو ریاض پہنچیں گے، وزیراعظم 11 نومبر کو دوسرے عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے، اجلاس میں فلسطین، لبنان سمیت خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، عرب اسلامی سربراہی اجلاس میں اسلامی ممالک کے رہنما مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تجاویز دیں گے۔