وفاقی حکومت کا 9 نومبر کوملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان

07اکتوبر 2024) وفاقی حکومت نے 9نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا،کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے،شاعر مشرق یوم پیدائش پر یوم اقبال کے حوالے سے تقریبات منعقد کی جائیں گی،رواں سال شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 147 واں یومِ پیدائش منایا جائے گا دریں اثناءسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہفتے کو چھٹی کا اعلان کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بینک 9 نومبر 2024ءکو یومِ اقبال پر بند رہے گا۔یوم اقبال کے موقع پر تمام مالیاتی ادارے اور بینک بند رہیں گے۔یہ بھی بتایاگیا تھا کہ وفاقی کابینہ ڈویژن کی جانب سے اس سال عام تعطیلات کے حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں یوم اقبال کو عام تعطیل کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب کوٹ ادو میں بھی جمعہ کو عام تعطیل کا اعلان کردیا گیاہے ۔

سکول اور دفاتر بند رہیں گے کوٹ ادو میں تھل جیپ ریلی کے موقع پرڈپٹی کمشنرکی جانب سے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، ضلع بھر میں 8 نومبر بروز جمعہ چھٹی ہوگی۔ 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہونے والے علامہ اقبال برصغیر کی ایک اہم شخصیت کے طور پر ابھرے، انہوں نے تحریک پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔علامہ اقبال نے ابتدائی تعلیم آبائی شہر سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اور بعد میں جرمنی سے فلسفے میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔
ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا، سیاستدان کی حیثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔مصور پاکستان علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں خالق حقیقی سے جا ملے انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں دفن کیا گیا۔ہر سال 9 نومبر کو یوم اقبال منایا جاتا ہے جس میں اردو ادب اور نظریہ پاکستان کی ایک اہم شخصیت اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔ اس دن میں تقاریب، شاعری پڑھنا، اور تعلیمی سرگرمیاں شامل ہیں جو فلسفہ اور قومی شناخت میں ان کی شراکت کو تلاش کرتی ہیں۔