حکومت مخالف احتجاجی تحریک کیلئے فائنل کال کی تاریخ عمران خان دیں گے

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء راؤف حسن نے کہا ہے کہ حکومت مخالف احتجاجی تحریک کیلئے فائنل کال کی تاریخ عمران خان دیں گے،26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدالتوں میں انصاف کی توقع نہیں۔ انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے لوگوں کی موبلائزیشن مہم شروع کردی ہے،احتجاج تحریک کی فائنل کال کی تاریخ عمران خان خود دیں گے، چاہتے ہیں دیگراپوزیشن جماعتیں بھی تحریک کا حصہ بنیں، مولانا فضل الرحمان، جی ڈی اے اور جماعت اسلامی سے بھی بات چیت ہورہی ہے، جے یوآئی کو بھی عمران خان کا پیغام پہنچایا گیا ہے، اگر یہ لوگ شامل نہیں ہوں گے توہم پھر بھی نکلیں گے۔
آج صوابی میں بہت بڑا جلسہ ہوا ہے، جبکہ موٹروے اور اسلام آباد کو بھی بند کردیا گیا تھا۔
ہمیں عمران خان کیلئے عدالتوں میں انصاف کی توقع نہیں، 26ویں آئینی ترمیم کے بعد جو امید تھی وہ بھی ختم ہوگئی ہے۔عمران خان جعلی کیسز میں غیرقانونی طور پر جیل میں بند ہیں،جے یوآئی کے کامران مرتضیٰ اگر عمران خان سے جیل میں ملاقات کرنے جائیں گے تو بہت اچھی بات ہے۔

آج پی ٹی آئی کی طاقت اور مقبولیت 2014سے بھی زیادہ ہے۔مزید برآں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کا مقصد کٹھ پتلی حکومت کی یماء پرعدالتیں کام کریں گی ،وہاں چن چن کر ایسے ججز کو لگایا جائے کہ ان کے سر جھکے ہوں اور دل مردہ ہوں۔ پی ٹی آئی کا آج صوابی میں عوامی جلسہ ہوا، جلسے سے پی ٹی آئی رہنماؤں بیرسٹر گوہر خان، اسد قیصر، شیخ وقاص اکرم ، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور ، سلمان اکرم راجا، و دیگر نے جلسے سے خطاب کیا۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہا کہ کل عمران خان کے ساتھ اڈیالہ جیل میں دو گھنٹے ملاقات کا موقع ملا، عمران خان کا پیغام آپ لوگوں تک پہنچانا چاہتا ہوں، آج نہ چادر محفوظ نہ گریباں، ہماری ماؤں بہنوں بیٹیوں پر ہاتھ اٹھ رہے ہیں، یہ جبر کفر کا نظام پی ٹی آئی کیلئے نہیں بلکہ اس نظام کے سامنے ہرپاکستانی کیڑا ہے،وہ سمجھ بیٹھے ہیں ہم خاموش رہیں گے اور اپنے گھروں میں بیٹھ جائیں گے۔
بانی نے کہا عوا م کو بتادو کہ تمہیں باہر نکلنا پڑے گا،اس ملک کے میدان اور سڑکیں تمہاری منتظر ہیں،سلمان اکرم نے کہا کہ ملک میں کوئی قانون نہیں، عدالتوں کو محکوم کردیا گیا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کا مقصد کٹھ پتلی حکومت کی یماء پرعدالتیں کام کریں گی ،وہاں ایسے چن چن کر ایسے ججز کو لگایا جائے کہ ان کے سر جھکے ہوئے ہوں اور دل مردہ ہوں۔ آج 9نومبر علامہ اقبال کی پیدائش کا دن ہے، عمران خان اکثر کہتے کہ انہوں نے علامہ اقبال کے افکار سے بہت کچھ سیکھا ہے۔