سموگ اور دھند کی وجہ سے موٹروے متعدد مقامات سے بند کردی گئی

سموگ اور دھند کی وجہ سے موٹروے متعدد جگہوں سے بند کردی گئی۔ترجمان موٹروے کے مطابق حالیہ سموگ کی شدید لہر اور دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث موٹروے مختلف مقامات سے بند کی گئی ہے، دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند ہے، ملتان سے سکھر تک بھی دھند اور سموگ کی وجہ سے موٹروے بند کردی گئی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ روڈ یوزرز زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، دھند کے دنوں میں سفر کیلئے بہترین وقت صبح 10 سے شام 6 بجے تک کا وقت ہے، اس دوران بھی روڈ یوزرز آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں، غیر ضروری سفر نہ کیا جائے، تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130سے رابطہ کریں۔

ادھر پنجاب میں سموگ اور دھند کی وجہ سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے، حد نظر انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کئی 6 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ سموگ اور انتظامی مسائل سے ملک بھر کی 34 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، مسقط سے ملتان کی پرواز پی کے 172 کو حد نظر کم ہونے پر اسلام آباد، جدہ سے ملتان پہنچنے والی نجی ائیر کی پرواز پی ایف 723 کو لاہور اتارا گیا، مسقط سے لاہور کی نجی ائیر کی پرواز پی ایف 733 کو سیالکوٹ اور دبئی سے لاہور کی نجی ائیر لائن کی پرواز کو اسلام آباد لینڈ کرایا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ حد نظر کم ہونے کی وجہ سے ملتان کراچی کی 2 ملکی پروازیں، غیرملکی ائیر لائن کی جدہ ملتان کی 2 پروازیں اور ملتان ریاض کی 2 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں، دوحہ ملتان کی غیرملکی ائیر کی 2 پروازیں کیو آر 616، 617 جدہ ملتان اور دبئی کی 2 پروازیں پی اے 871 ایف زیڈ 325، 326 تاخیر کا شکار ہوئیں، مسقط، کراچی، دوحہ سے لاہور کی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ لاہور سے کوالالمپور، دبئی استنبول، جدہ کراچی، مدینہ اور العین سے اسلام آباد پروازوں کی آمد اور روانگی میں تاخیر ہوئی، جدہ اسلام آباد سے جدہ ریاض استنبول بحرین کی پروازوں میں تاخیر ہوئی جب کہ شارجہ اور استنبول سے کراچی کی پروازوں کی آمد بھی تاخیر کا شکار ہوگئی، کراچی سے لاہور کے لیے پی آئی اے کی پرواز شیڈول سے 4 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہو سکی۔