وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اگر سڑکوں پر احتجاج کرنا ہے تو اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائے، یہ اسمبلیاں بھی نہیں چھوڑتے اور ٹی اے ڈی اے بھی لیتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ تحریک انصاف کی حالیہ تمام احتجاج کالز پر عوام نے لبیک نہیں کہا، عوام کے مسترد کرنے پر پی ٹی آئی نے سرکاری بندے لاکر چڑھائی کی۔
تحریک انصاف کی 24 نومبر کی احتجاج کی کال بری طرح ناکام ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے 8 فروری کے انتخابی نتائج کو تسلیم کیا اور اسمبلیوں میں حلف بھی اٹھایا، پی ٹی آئی نے صدر اور وزیراعظم کے الیکشن میں حصہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی ہر مہینے ٹی اے ڈی اے لے رہے ہیں۔
تحریک انصاف کو چاہیے سڑکوں پر نہیں بلکہ اسمبلیوں میں احتجاج کرے۔
اگر پی ٹی آئی نے سڑکوں پر احتجاج کرنا ہے تو اسمبلیوں سے مستعفی ہوجائے، یہ اسمبلیاں بھی نہیں چھوڑتے اور ٹی اے ڈی اے بھی لیتے ہیں۔ دوسری جانب وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نو مئی حملوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لے آئے، سی سی ٹی وی فوٹیجز کو بدلا، یا ٹیمپر نہیں جاسکتا، سب کچھ محفوظ ہوچکا ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماء قوم سے معافی مانگیں، مطالبہ ہے کہ 9 مئی کیسز کے جلد فیصلے کئے جائیں۔
انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے نو مئی کو حملے کئے، نو مئی حملوں کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، ان حملوں میں سرکردہ رہنماء ملوث تھے، کہتے ہیں وہ ہمارے لوگ نہیں تھے۔ کیا یاسمین راشد ، شہریار آفریدی، مراد سعید، عثمان ڈار پی ٹی آئی میں شامل نہیں ہے؟ کیا یہ آپ کی بہنیں اور بھانجا نہیں تھا؟ نو مئی کے ملزمان کی شناخت کی جاسکتی ہے، شواہد موجود ہیں، آڈیوز ویڈیوز موجود ہیں، شفقت محمود نے کہا کہ میں نے اس منصوبے سے اتفاق نہیں کیا، صمصام بخاری نے حملوں کے منصوبے سے اتفاق نہیں کیا۔