سانحہ 9 مئی ، شاہ محمود قریشی،اعجاز چوہدری اور عمر چیمہ سمیت 21ملزمان پر فرد جرم عائد

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی رہنماء اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی،اعجاز چوہدری ،عمر چیمہ سمیت 21 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، سانحہ 9 مئی سے متعلق منصوبہ بندی کے الزام میں تھانہ ریس کورس میں درج مقدمے کا کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سماعت ہوئی، کوٹ لکھپت جیل لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے 9 مئی مقدمات کی سماعت کی، دوران سماعت شاہ محمود قریشی ،اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ سمیت 21ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
بعدازاں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کرلیا۔یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما وں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر ملزمان کیخلاف 9 مئی مقدمات کی کارروائی 21 نومبر تک ملتوی کردی تھی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جناح ہاوس کے قریب پولیس کی گاڑیاں جلانے کے 4 مقدمات کی سماعت کی تھی۔

مقدمات میں نامزد عالیہ حمزہ، صنم جاوید، خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر جیل میں پیش ہوئیں تھیں۔گرفتار پی ٹی آئی رہنماوں شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر زیر ملزمان کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی تھی۔عدالت نے تمام ملزمان کیخلاف جیل ٹرائل کی مزید کارروائی 21 نومبر تک ملتوی کر دی تھی۔ آئندہ سماعت پر مقدمات میں نئے ملزمان کو سپلیمنٹری چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں میاں محمود الرشید ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، شاہ محمود قریشی اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 46 ملزموں کیخلاف 9 مئی مقدمات کا ٹرائل جاری تھا۔ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاون میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیاتھا۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا ۔بعدازاںملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت مختلف پارٹی رہنماﺅں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے تھے۔