حکومت عمران خان کو خیبرپختونخواہ کی کسی جیل میں شفٹ کردے، شاہد خاقان عباسی کا مشورہ

سابق وزیراعظم پاکستان اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے مشورہ دیا ہے کہ حکومت عمران خان کو خیبرپختونخواہ کی کسی جیل میں شفٹ کردے، صدر پارلیمان کا تیسرا حصہ ہے، صدر مملکت کو آگے بڑھ کر بات چیت میں کردار ادا کرنا چاہئیے۔

آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایسی صورتحال پہلے کبھی نہیں دیکھی، گلیوں میں بھی کنٹینر لگے ہیں، حکومت کو ڈی چوک کو بچانا ہے تو ڈی چوک بند کرے پورا اسلام آباد ساری سڑکیں کیوں بند کی ہیں؟ یہ سمجھتے ہیں اس ملک کے لوگ بیوقوف ہیں، میں اس حکومت کی سوچ پر حیران ہوں، یہ حکومت کی ناکامی ہے، یہ حکومت کی سوچ کی عکاسی کرتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ کیا ہائیکورٹ نے یہ کہا ہے فونز بند کردیں؟ کنٹینر بند کردیں، راستے بند کردیں، سڑکیں کاٹ دیں؟ یہ عجیب بات ہے کہ یہ ہائیکورٹ کا سہارا لے رہے ہیں، حکومت عمران خان کو پشاور، ہری پور یا خیبرپختونخواہ کی کسی جیل میں شفٹ کردے، جیل میں رکھنا ہے تو وہاں منتقل کردیں، دوسری جیل میں منتقل کرنے کیلئے وہاں ایک پرچہ درج کردیں۔