آدھے انقلاب سے پہلے گرفتار، آدھے بھاگ گئے، نہ انقلاب آیا نہ خان چھوٹا، مریم اورنگزیب کا طنز

سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب اور لاہور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنچائیز پی ٹی آئی کا آج دیوالیہ ہو گیا، عوام نے مسترد کر دیا،کہابھی تھا گھر کا معاملہ گھر میں ہی طے کرلیں۔پنجاب کی عوام پاکستان اور پنجاب کی ترقی کے ساتھ ہیں۔’’الجہاد‘‘ فساد اور فتنہ کی نذر ہو گیا،بشری بی بی اور علیمہ باجی دونوں غائب جلد علی امین گنڈا پور کی بھی غائب ہونے کی خبر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ بشری بی بی اور علیمہ باجی دونوں نے بانی پی ٹی آئی کو بھی فارغ کر دیا۔فتنہ جیل میں بند ہے پہلے ملک لوٹنے پہ لگا ہوا تھا اب فساد پھیلانے پہ لگا ہوا ہے۔ہمیشہ ملک بند کرنے کی بات کی اور ہمیشہ ملک بند کیا۔آدھا انقلاب انقلاب سے پہلے گرفتار اور آدھا انقلاب سے پہلے بھاگ گیا، نہ انقلاب آیا نہ خان چھُوٹا لیکن ایک بات ثابت ہو گئی کہ عوام نے فتنہ اور فساد چھوڑ دیا ہے۔ایک بار پھر خیبر پختونخواہ کی صحت اور ریلیف پہ خرچ ہونے والے وسائل ریاست کے خلاف دہشتگردی کی نذرہوگئے۔ مریم اورنگزیب نے کہا شکر ہے آج کے بعد انقلاب کا تماشہ تو بند ہوگا – لیکن ہیں بڑے بے شرم اِن کا کوئی پتہ نہیں۔